29 دسمبر 2012 - 20:30

پاکستان کی حکومت نے سنجیدہ اور کسی شرط کے بغیر طالبان کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش کو مسترد کیا ہے۔

ابنا: اطلاعات کے مطابق طالبان کی نئی ویڈیو پر ردعمل کا اظہار کرتےہوئے پاکستان کی حکومت نے کہا ہے کہ طالبان ایسی پوزیشن میں نہیں ہیں کہ حکومت پاکستان کے لئے شرائط معیّن کرلیں۔ پاکستان کے وزیرداخلہ رحمان ملک نے کہا کہ طالبان کی اس تجویز کو حکومت پاکستان نہیں مان سکتی۔ادھر خیبر پختونخوا حکومت نے کہا ہے کہ مذاکرت کی پیشکش قبول کرکے طالبان نے مثبت قدم اٹھایاہے، طالبان ہتھیار نہ پھینکیں لیکن تشدد ترک کردیں۔ وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ طالبان سے ہتھیار ڈالنے کا نہیں تشدد ترک کرنے کا مطالبہ کرتے آئے ہیں، کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے امیر حکیم اللہ محسود کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش قبول کرنا مثبت قدم ہے، حکومت سے مذاکرات کے لیے طالبان بااختیار کمیٹی تشکیل دے۔واضح رہے کہ تحریک طالبان پاکستان نے اپنے امیر حکیم اﷲ محسود اور نائب امیر ولی الرحمن کی 42 منٹ کی نئی ویڈیو جاری کی ہے جس میں حکیم اﷲ محسود نے تحریک طالبان کی طرف سے پہلی بار حکومت پاکستان کے ساتھ سنجیدہ اور کسی شرط کے بغیر مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ میری سنجیدگی سے مراد یہ ہے کہ مذاکرات مشروط نہ ہوں بلکہ کسی شرط کے بغیر ہوں۔

.....

/169